حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فرانس میں پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے توہین آمیز کارٹون بنائے جانے کے خلاف ایک بار پھر مجلس علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا سید کلب جواد نقوی نے غم و غصے کا اظہار کیا ۔
مولانا نے اپنے بیان میں کہاکہ فرانس میں جس طرح پیغمبر اسلام ؐ کے توہین آمیز کارٹون بنانے کا سلسلہ جاری ہے وہ قابل مذمت ہے ۔افسوس یہ ہے کہ شرپسندوں کو سرکاری سرپرستی حاصل ہے اور فرانسسی صدر میکرون خود بھی ’اسلامو فوبیا ‘ کا شکار ہیں ۔
مولانا سید کلب جواد نقوی نے کہاکہ کوئی بھی مسلمان پیغمبر اسلام ؐ کی توہین برداشت نہیں کرسکتا ۔لیکن مسلمانوں کو یہ بھی دھیان رکھنا چاہئے کہ ایسی غیر مناسب حرکتیں انہیں اشتعال دلانے کے لئے کی جاتی ہیں تاکہ عالمی پیمانے پر مسلمانوں کو اکسایا جاسکا۔استعماری طاقتیں مسلمانوںکے جذبات بر انگیختہ کرکے اپنا سیاسی مفاد حاصل کرنے کی کوشش کرتی ہیں جیساکہ فرانس میں ہورہاہے ۔
مولانا نے کہاکہ اسلام کسی فرد کو یہ اجازت نہیں دیتاہے کہ وہ مجرم کوخود سزا دے بلکہ سزا کے لئے عدالت مقرر کی گئی ہے جہاں اسلامی آئین کی روشنی میں قاضی فیصلہ صادر کرتاہے ۔ مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ اپنے جذبات پر قابو رکھیں اور اسلام دشمن طاقتوں کی اشتعال انگیزحرکتوں کے خلاف منظم لائحہ عمل تیار کریں ۔جس طرح ہمارے مراجع کرام مخصوصا آیت اللہ سید علی سیستانی مد ظلہ نے حال ہی میں فرانس کی مصنوعات کے بائیکاٹ کا اعلان کرکے مسلمانوں کو اسلام دشمن طاقتوں کے خلاف منظم کرنے کی کوشش کی ہے ۔
مولانانے کہاکہ تمام مسلمان فرانس کے مصنوعات کا بائیکاٹ کریں تاکہ اسلام دشمن طاقتیں ہمارے اسلامی مقدسات کی توہین سے باز رہیں ۔لیکن یہ بائیکاٹ فقط اعلان کی حد تک نہ ہو بلکہ اس پر عمل بھی کیا جائے ۔